بھاری بل دینے کے باوجود بجلی نایاب

07-18-2023

(لاہور نیوز) ٹیکسز کی بھرمار اور بھاری بل دینے کے باوجود بجلی نایاب ہے۔ شہر میں 2 سے 3 گھنٹے تک بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

گرمی اور شدید حبس سے شہریوں کا برا حال ہے۔ بجلی کی طلب بھی بڑھنے لگی لیکن لوڈشیڈنگ کا سلسلہ نہ رک سکا جس سے شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ لیسکو کی بجلی کی طلب 4 ہزار 900 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 600 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ لیسکو کو 300 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ لیسکو نے دیہی علاقوں میں 2 اور ہائی لاسز فیڈرز پر 4 سے 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں شیڈول کے برعکس لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ شہری کہتے ہیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے پریشان کر رکھا ہے۔ دن بھر سکون نہیں ملتا اور کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز جواب دینے لگے۔ دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہتے ہیں۔