لیسکو نے نئے کنکشن کے ڈیمانڈ نوٹس کی فیس 100 فیصد بڑھا دی

07-18-2023

(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے صارفین کے لیے نئے کنکشن کے ڈیمانڈ نوٹس کی فیس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔

لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اجلاس میں لیسکو کو ڈیمانڈ نوٹس کی فیس بڑھانے کی منظوری دی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل فیز کنکشن کی کیپیٹل کاسٹ 4 ہزار سے بڑھا کر 7400 روپے کر دی گئی ہے  جس کے بعد سنگل فیز میٹر کا مجموعی ڈیمانڈ نوٹس 10 ہزار کا ہو جائیگا، تھری فیز میٹر کی کیپیٹل کاسٹ 15 ہزار سے بڑھا کر 33 ہزار  روپے کر دی گئی ہے اب تھری فیز کنکشن کے لئے ڈیمانڈ نوٹس کی مجموعی طور پر 42 ہزار روپے تک ادائیگی کرنا ہو گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ میٹیریل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے نئے کنکشن کے ڈیمانڈ نوٹس کی فیس میں اضافہ کیا گیا، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز نے آپریشن سرکلز کے سربراہان کو مراسلہ بھجوا دیا ہے، لیسکو میں اضافی قیمت کا فیصلہ جون سے نافذالعمل ہو گا۔