شہنشاہِ غزل مہدی حسن کی 96 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے

07-18-2023

(لاہور نیوز) شہنشاہِ غزل نے جو گایا امر کر دیا، 40 سال تک دنیائے موسیقی پر راج کرنے والے مہدی حسن کی آج 96 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، ان کی لازوال گائیکی نے دنیا میں سروں سے محبت کرنے والوں کو گرویدہ بنا لیا۔

شہنشاہِ غزل مہدی حسن 18 جولائی 1927 میں متحدہ ہندوستان کی ریاست راجستھان کے گاؤں لونا میں پیدا ہوئے، ابتدائی تربیت گھر ہی میں ہوئی، خود اُن کے بقول وہ کلاونت گھرانے کی 16 ویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے۔ اُنہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد اُستاد عظیم خان اور اپنے چچا اُستاد اسماعیل خان سے حاصل کی، 1947ء میں مہدی حسن نے اہل خانہ کے ساتھ پاکستان ہجرت کی، اُن کی گائی ہوئی غزلیں اور گیت پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں اردو کلام سننے والوں میں مقبول ہیں۔ مہدی حسن نے 25 ہزار سے زائد فلمی و غیر فلمی گیت اور غزلیں گائیں، اُنہیں حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا، 1979ء میں مہدی حسن کو بھارتی سرکار نے اپنے سب سے بڑے کے ایل سہگل ایوارڈ سے بھی نوازا۔ استاد مہدی حسن خاں 13 جون 2012 کو کراچی کے نجی ہسپتال میں 84 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔