وزیر اعظم کی مصروفیات، میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد نہ رکھا جا سکا

07-17-2023

(لاہور نیوز) تکنیکی مسائل اور وزیر اعظم کی مصروفیات کے سبب شہر میں کسی میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد نہ رکھا جا سکا۔

وزیر اعلیٰ نے بیدیاں انڈر پاس، خالد چوک انڈر پاس اور گھوڑا چوک فلائی اوور پر 17 جولائی سے کام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایل ڈی اے نے بیدیاں انڈر پاس پر سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کرنا تھی۔ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف کو بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ وزیر اعظم کی مصروفیات کے سبب سنگ بنیاد کی تقریب منسوخ کرنا پڑی۔ ایل ڈی اے کو منصوبہ جات کے تاحال مکمل این او سی بھی نہ مل سکے۔ تینوں منصوبوں پر اراضی ایکوائر کرنے کے مسائل بھی آڑے آ چکے ہیں۔ ایل ڈی اے نے دو منصوبوں پر مشینری تو پہنچا دی مگر کام شروع نہ کیا جا سکا۔ نوازشریف انٹرچینج بیدیاں انڈر پاس پر ایل ڈی اے انتظامیہ تاحال ٹریفک ڈائیورشن نہ لگا سکی۔ خالد بٹ چوک کے مقام پر اراضی کا حصول نہ ہونے کی وجہ سے تعمیراتی کام شروع نہ ہو سکا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی دی گئی ایک اور ڈیڈ لائن پر ایل ڈی اے پورا نہ اتر سکا۔ سمن آباد انڈر پاس اور لاہور برج توسیعی منصوبہ بھی وزیر اعلیٰ کی دی گئی ڈیڈ لائن پر مکمل نہ ہو سکے۔