ن لیگ کا انتخابی امیدواروں کے حلقوں میں خفیہ سروے کروانے کا فیصلہ

07-17-2023

(لاہور نیوز) لیگی قائد نواز شریف کا ٹکٹوں کی تقسیم میں شفافیت کے لیے اہم اقدام، مسلم لیگ ن نے انتخابی امیدواروں کے حلقوں میں خفیہ سروے کروانے کا فیصلہ کرلیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم سے قبل لیگی امیدواروں کے حلقوں میں خفیہ سروے کروایا جائے گا، مسلم لیگ ن کے ممکنہ اُمیدواروں کی انکے حلقوں میں موجودہ ساکھ کے حوالے سے رپورٹیں تیار کی جائیں گی، پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کتنے لیگی امیدواروں کو بظاہر برتری حاصل ہے  اور کتنی نشستیں حاصل ہوسکیں گی، اس بارے میں  بھی رپورٹ مرتب ہو گی۔ پارٹی ذرائع  کا کہنا ہے کہ جن امیدواروں کی اپنے حلقوں میں ساکھ اچھی نہیں ان کی جگہ متبادل امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے گا، آئندہ دو ہفتوں میں سروے مکمل کر کے پنجاب کی قیادت کے حوالے کیا جائے گا، پنجاب کی قیادت سروے کے نتائج پر مشتمل رپورٹ اپنی سفارشات کے ساتھ اعلیٰ لیگی قیادت کو جمع کروائے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سروے کی  بنیاد پر ہی دیگر  جماعتوں سے مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق بات چیت ہوسکے گی۔