بجلی مہنگی کرنے کا عندیہ، سولر سسٹم کی مانگ میں اضافہ

07-17-2023

(لاہور نیوز) بجلی کا فی یونٹ مہنگا کرنے کا عندیہ اور گرمی کی شدت بڑھنے سے سولر سسٹم کی مانگ بڑھ گئی۔

ایک جانب حکومت نے بجلی مہنگی کر دی تو دوسری طرف سولر سسٹم کی امپورٹ غیر اعلانیہ بند ہو گئی۔ لاہور کی سولر مارکیٹ میں سولر پینلز کی قلت سر اٹھانے لگی۔ سولر ڈیلرز  نے حکومت سے کنٹینرز فوری ریلیز کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر سولر مارکیٹ ہال روڈ مزمل اسلم کا کہنا ہے اس وقت ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے لیکن مارکیٹ میں سولر کی سپلائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ حکومت سولر پینلز اور انورٹرز کو لگژری آئٹم کی کیٹیگری سے نکالے۔ قیمتیں کم ہونے کے باوجود مارکیٹ میں سولر پینلز کی کمی ہے جس سے قیمتیں پھر متاثر ہو رہی ہیں۔ شہری بھی معیاری سولر پینلز کے حصول کیلئے خوار ہونے لگے۔ شہریوں کا کہنا ہے معیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے پینلز شارٹ ہیں۔ ڈیلرز  ہر بار یہی کہہ رہے ہیں کہ کچھ دنوں تک سپلائی آ جائے گی۔ حکومت سپلائی بحال کرے اور سولر سستا کرے تاکہ ہر شہری سسٹم  باآسانی لگوا سکے۔