شارپ بلیڈ 2023 سنائپر مقابلے میں چین اور پاک فوج کی نمایاں کارکردگی
07-17-2023
(ویب ڈیسک) ہر سال چینی تنظیم کی جانب سے منعقد ہونے والے سنائپر مقابلوں میں پہلی بار شرکت کرنے والی پاک فوج کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق شارپ بلیڈ 2023 سنائپر مقابلوں میں چین اور پاک فوج نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے، ان مقابلوں میں 18 ممالک کی 43 سنائپر ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاک فوج کے 2 سنائپرز نے شاندار کارکردگی پر بیسٹ سنائپر شارپ بلیڈ ایوارڈ جیتا، 18 ممالک کے 86 سنائپرز میں سے صرف 4 نے یہ ایوارڈ جیتا، جیتنے والوں میں 2 پاکستانی، 1 قازقستان اور 1 ازبکستان کا سپاہی شامل ہیں۔ پاک فوج کی سنائپر ٹیم پی اے ایس ایس میں آفیسرز اور فوجی جوانوں نے شرکت کی ، پاک آرمی کی سنائپر ٹیم اس طرح کے مقابلوں میں حصہ لیتی آ رہی ہے تاہم اس مقابلے میں ٹیم نے پہلی بار حصہ لیا ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال کمبیٹ سنائپنگ مقابلے منعقد ہوتے ہیں، پیپلز آرمڈ پولیس چین کی تنظیم 2019 سے ہر سال شارپ بلیڈ مقابلہ منعقد کرواتی ہے، اور ان مقابلوں کی عالمی سطح پر پذیرائی کی جاتی ہے۔