پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت اور گرفتار نہ کرنے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر

07-17-2023

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو حفاظتی ضمانت دینے اور گرفتار نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے پرویز الہٰی کو خفیہ مقدمے میں گرفتار نہ کرنے اور حفاظتی ضمانت دینے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے، پنجاب حکومت کی اپیل میں پرویز الہٰی ، اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بنچ نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر حقائق کے منافی فیصلہ دیا، تحقیقات کرنے والے متعلقہ ادارے قانون کے مطابق پرویز الہٰی سے تفتیش کررہے ہیں، عدالتی فیصلے میں سنگل بنچ نے قانونی تقاضوں کو نظر انداز کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ عدالت سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر فوری معطل کرنے کا حکم دے۔