حکومت کی 15 مہینے کی کارکردگی کارنامہ نہیں بلکہ ڈرامہ ہے: سراج الحق

07-16-2023

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پندرہ مہینوں میں حکومت کی کارکردگی کوئی کارنامہ نہیں صرف ڈرامہ ہے، مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے چینی، آٹا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ناقابل برداشت ہے۔

اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی قوم کے ساتھ مذاق ہے، روپیہ کی تاریخی بے قدری زوال، قدر میں 3 فیصد اضافہ کمال نہیں، عوام فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور ہے اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں، موجودہ اور سابقہ حکمران حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں، جماعت اسلامی ملک میں سیاسی، معاشی، سماجی پولوشن کا سولوشن ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوسط اور غریب طبقہ کیلئے قیامت سے کم نہیں، پاکستان کے پاس وسائل کی نہیں ویژن کی کمی ہے، جماعت اسلامی پسے طبقات کی پشت پر کھڑی ہے، مسئلہ گندم کی عدم دستیابی کا نہیں حکومتی نا اہلی، کرپشن اور لوٹ مار کا ہے۔