محسن نقوی کا بحریہ آرچرڈ اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ، مریضوں کی خیریت دریافت کی

07-16-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بحریہ آرچرڈ ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور مریض بچوں کی عیادت کی۔

محسن نقوی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور سے بحریہ آچرڈ ہسپتال شفٹ کی گئی دل کے عارضہ میں مبتلا بچی سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ نے بچی کی خیریت دریافت کی اور اس کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی، محسن نقوی نے دل کے دو بند والو کے کامیاب آپریشن کے بعد بچی کی صحت یابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی کے علاج معالجے کے حوالے سے ڈاکٹرز سے اپ ڈیٹ لی، بچی کی والدہ نے بہترین علاج معالجے پر وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا، بچی کے دل کے 2 والو بند تھے، بچی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور سے بحریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا مفت آپریشن کیا گیا۔ بعدازاں محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ سے چلڈرن ہسپتال میں شفٹ کئے بچے سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی، وزیر اعلی پنجاب نے بچے کی والدہ سے بچے کے علاج معالجے کے بارے استفسار کیا، والدہ نے بچے کو چلڈرن ہسپتال منتقل کئے جانے اور اچھے علاج معالجے پر وزیر اعلی محسن نقوی کو دعائیں دیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹرز کو بچے کے علاج معالجے کے بارے ہدایات دیتے ہوئے کہا بچے کا مکمل خیال رکھا جائے اور علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج دیگر بچوں کی بھی عیادت کی اور بچوں کی ماؤں سے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔  واضح رہے کہ وزیر اعلی محسن نقوی نے گزشتہ دنوں ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ کا دورہ کیا تھا جہاں ایک بچے کی والدہ نے بیٹے کے علاج معالجے کے لئے استدعا کی تھی، وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر بچے کو چلڈرن ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دل کے مرض میں مبتلا بچی کو بحریہ ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی تھی، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بچی کو فوری طور پر بحریہ ہسپتال منتقل کیا گیا اور دل کے دو بند والو کا آپریشن کیا گیا جہاں اس کا علاج معالجہ جاری ہے اور وہ روبصحت ہے۔