گزشتہ مالی سال کے واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبے تاحال نامکمل

07-16-2023

(لاہور نیوز) گزشتہ مالی سال کے دوران شہر میں واٹرسپلائی اور سیوریج کےمنصوبے مکمل نہ ہو سکے، واسا کی جانب سے شروع ہونے والے سابق حکومت کے تمام منصوبے بھی ادھورے رہ گئے۔

مالی سال 23-2022 میں واسا کی کارکردگی کارگر ثابت نہ ہوئی، واسا واٹرسپلائی اور سیوریج کے شروع ہونے والے میگا منصوبے مکمل نہیں کرسکا۔ حاجی کیمپ ڈرین منصوبے پر مالی سال 23-2022 میں  کام کا آغاز ہی نہ ہوا، ستوکتلہ ڈرین کی مرمت اور بحالی کے لئے رکھے گئے فنڈز بھی سرنڈر ہوگئے۔ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے واٹر میٹرنگ کا پراجیکٹ بھی مکمل ہونے کا منتظر ہے، سال 2019 میں سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے وفاقی حکومت نے منظوری دی، مالی سال  کے دوران سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے زمین پرکوئی تعمیرات نہ ہوسکیں۔ صاف پانی کی فراہمی کیلئے واسا نے "بلیو ڈراپ" پراجیکٹ متعارف کروایا، واسا انتظامیہ منصوبہ بندی کے بعد بلیو ڈراپ پراجیکٹ پر کوئی کام نہیں کرسکی، بلیو ڈراپ پراجیکٹ کے تحت مختلف علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا تھا۔ واسا نے شہریوں کو بروقت اور بہتر سروسز کی فراہمی کیلئے "حاضر سر" کے نام سے منصوبہ بنایا بعد ازاں واسا انتظامیہ نے "حاضر سر" منصوبے کا نام تبدیل کر کے منصوبہ بند کر دیا۔ واسا کے نامکمل منصوبہ جات کو مالی سال 24-2023 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرلیا گیا۔