کمشنر کا ایم او پلاننگ سمیت 18 زونل افسران کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار

07-16-2023

(لاہور نیوز) کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر لاہور محمد علی رندھاوا نے ایم اوپلاننگ سمیت 18 زونل افسران کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔

ایڈمنسٹریٹر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس  ہوا جس میں ایم او ریگولیشن فیصل شہزاد نے شہر میں تجاوزات بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں 60 فیصد تجاوزات نے شاہراہوں کا حسن گہنا دیا ہے، پارکنگ سٹینڈز کی بھی بھرمار ہے۔ اجلاس میں سینکڑوں غیرقانونی تعمیرات کا بھی انکشاف ہوا۔ کمشنر لاہور نے ناقص کارکردگی پر افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اور شہر کی 24ماڈل  شاہراہوں سے تجاوزات  فوری ہٹانے کا حکم دیا،  کمشنر نے  ایم او پلاننگ نیئر ندا ظفر کی سرزنش کی اور 18 زونل افسران کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ افسران نے لاہور کا  حلیہ ہی بگاڑ  دیا ہے، ٹریفک بہاؤ میں رکاوٹ  بننے والے  پارکنگ سٹینڈز کو فوری ختم کروایا جائے، 20روز سے غیر قانونی تعمیرات کے خلااف آپریشن نہیں  کیا گیا، نقشوں کے زیر التوا کیسز کو 7روز  میں نمٹایا جائے، صرف نوٹیفائیڈ بلڈنگ انسپکٹرز تعینات  کیے جائیں گے سفارشی گھر کی راہ لیں۔ کمشنر لاہور نے  ایم سی ایل میں ایک سے دوسرے سیکشن میں تبادلوں پر پابندی لگا دی، انہوں نے کہا  انفورسمنٹ انسپکٹرز تجاوزات کے خلاف ایکشن نہیں لیتے تو سخت کارروائی ہو گی، ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن کے بعد افسران پر پیڈا ایکٹ لگا کر واپس ان کے محکموں میں  بھجوا دوں گا۔