گزشتہ حکومت کی نااہلیوں کے باعث ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوا: حمزہ شہباز
07-16-2023
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوا۔
اقبال ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک ڈیفالٹ کرسکتا تھا، حکومت کی کوشش رہی کہ ملک ڈیفالٹ نہ کرے، اگر وزیراعظم آئی ایم ایف ایم ڈی سے ملاقات نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، ہماری حکومت نے 15 ماہ سابقہ حکومت کی غلطیاں سدھارنے کی کوشش کی۔ سابق وزیراعلیٰ نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے جاتے ہوئے پٹرول سستا کر کے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا، پی ٹی آئی چیئرمین نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا، ملک اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو معاشی پالیسیوں کے تسلسل کا معاہدہ کرنا چاہیے۔ نائب صدر ن لیگ نے کہا کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ عوام مہنگائی کا سامنا نہیں کررہی، سب اچھا کہنا عوام کے دکھوں سے انصاف نہیں ہو گا، بطور سیاسی ورکر سمجھتا ہوں الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر کے جائے گی مدت ختم ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے تو نگران سیٹ اپ آئے گا، آئین و جمہوریت کو آگے لیکر جائیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا ملک کا مستقبل شفاف انتخابات میں ہے، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا یہ اس کی ذمہ داری ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں اور سیاست ہے، کاشتکار خوشحال ہوگا تو ملک ترقی کرے گا نو مئی کو شہدا کی بے حرمتی کی گئی، شہدا یادگاروں کو توڑا گیا، ریاستی اداروں پر حملہ کیا گیا، ایسے مجرمانہ عمل تب رکیں گے جب ملزمان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیامر میں سیاحوں کی بس کھائی میں گرگئی، بس کھائی میں گرنے سے کچھ لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے، اللہ حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے۔