نواز شریف کو دوبارہ اقتدار ملا تو ملک کا نقشہ بدل دیں گے: وزیراعظم
07-16-2023
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کوئی حلوہ نہیں چیلنج ہے، اگلے الیکشن میں عوام نے نواز شریف کو دوبارہ اقتدار کا موقع دیا تو ملک کا نقشہ بدل دیں گے۔
گورنر ہاؤس میں یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لیے کافی چیلنجنگ ہے، آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوتا، آئی ایم ایف پروگرام کے بعد ڈالر کی قیمت میں استحکام آرہا ہے، پٹرول کی قیمت میں 9روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7روپے کمی کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہم نے نوازشریف کی قیادت میں عملی طور پر کام کرکے دکھایا، جو لوگ ملک کیخلاف سازش کررہے تھے وہ تمام سازشیں دفن ہوئیں، نوازشریف نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کلاشنکوف کی بجائے لیپ ٹاپ دیا، یہ لوگ کہتے تھے یہ لیپ ٹاپ نہیں دے رہا یہ رشوت دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ وہی لیپ ٹاپ ہے جس نے کورونا میں بچوں کو تعلیم کا ذریعہ فراہم کیا، جو لیپ ٹاپ کو رشوت کہتا ہے آپ اس کی دماغی حالت کا اندازہ لگالیں، ہمارے تمام منصوبے خود منہ بولتا ثبوت ہیں، نوازشریف کو کیوں اقتدار سے محروم کیا گیا؟ مجھے قوم کی خدمت کرنے کی وجہ سے پابندسلاسل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک سے20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، نوازشریف نے ملک میں بجلی کے منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھایا، نوازشریف نے آج تک ملک کیخلاف سازش کا سوچا بھی نہیں، نوازشریف نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔ وزیراعظم نے کہا میں وزیر اعظم ہوں تو سب ٹھیک میں وزیر اعظم نہیں تو سب کچھ برباد ہے کی سوچ غلط ہے، پی ٹی آئی دور میں تجوریاں بھری گئیں، چینی اور گندم کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا، بی آرٹی اور 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا۔ شہباز شریف نے کہا جن کا کھربوں کا کاروبار ہے ان کو پی ٹی آئی حکومت میں 3ارب ڈالر کے قرضے دیئے گئے، ان تمام حقائق کوکوئی شخص جھوٹ ثابت نہیں کرسکتا، چیئر مین پی ٹی آئی نے اپنے ہاتھ سے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، چیئر مین پی ٹی آئی اور ہٹلر میں کیا فرق ہے، ہٹلر نے اپنے دور میں انڈسٹری کو ترقی دی اور پھر خود ہی تباہ کردی۔ انہوں نے کہا نوازشریف کو بےبنیاد مقدمات میں سزا دی گئی، ہم نے لاہور کی میٹرو بس سروس 30ارب روپے میں بنائی، پھر الزام لگایا کہ اتفاق فاؤنڈری سے سریہ آیا، وہ تو15سال سے بند تھی، نوازشریف کوپانامہ میں پکڑ کراقامہ پر نااہل کیا گیا، ہم نے ملک کی خاطر تکالیف برداشت کیں۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے، ترقی کیلئے ایثار اور محنت کا عزم کرنا ہوگا، اگلے الیکشن میں عوام نے منتخب کیا تو ملک کو آگے لیکر جائیں گے، نواز شریف کی قیادت میں ملک کا نقشہ بدل دیں گے، پوری قوم سے وعدہ کرتا ہوں ہم نے وطن کو عظیم بنانا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کے تحت نوجوانوں میں چیک تقسیم کیے۔