چینی کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی، فی کلو 150 روپے پر پہنچ گئی

07-16-2023

(لاہور نیوز) چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی 140 روپے سے 150 روپےفی کلو تک بکنے لگی۔

آٹے کے ساتھ چینی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی، اوپن مارکیٹ میں  چینی کی قیمت 140  سے  150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، ہول سیل مارکیٹ میں چینی  کا 50 کلو  والا  تھیلا  6750 روپے  کا ہو گیا، تھوک میں چینی 135 روپے فی کلومیں فروخت کی جارہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں چینی مہنگی ہے تو یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی سستی چینی نایاب ہو کر رہ گئی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ چینی کی قیمت 91 روپے کلو مقرر کی گئی ہے لیکن  سپلائی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، شہر بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی چینی گزشتہ ایک ماہ سے  غائب ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب کہاں جائے؟ اوپن مارکیٹ میں چینی مہنگی ہے یوٹیلیٹی سٹوروں پر مل نہیں رہی ، سبسڈی دی ہے تو  خدارا چینی اور آٹے کی سپلائی بھی کی جائے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی چینی کی مسلسل عدم دستیابی کے باعث شہری چینی مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔