دریائے راوی سے سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، پانی کے بہاؤ میں نمایاں کمی

07-16-2023

(لاہور نیوز) بھارت میں شدید تباہی مچانے والے دریائے راوی سے پاکستان میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، دریا میں پانی کی سطح معمول پر آنا شروع ہوگئی، شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں کمی آگئی۔

بھارت میں ستلج  اور دریائے بیاس کے ساتھ ساتھ  راوی نے بھی شدید تباہی مچائی، تینوں دریاؤں کے بپھرنے کے باعث تین بھارتی ریاستوں اُتراکھنڈ، ہِماچل پردیش اور بھارتی پنجاب کو شدید ترین سیلابی صورت حال کا سامنا ہے جس میں راوی کا بھی نمایاں حصہ  شامل ہے۔ خوش قسمتی سے سرحد کے  اِس پار راوی میں سیلاب کا  خطرہ ٹل گیا ہے اور بیشتر مقامات پر دریا معمول کے مطابق بہہ رہا ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 20ہزار اور ہیڈ بلوکی کے مقام پر  41 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ادھر دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ملک کے دیگر تمام دریا  معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔