لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

07-16-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنا دی ۔

گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ ، چونیاں،عارف والا اور دیگرعلاقوں میں بادل برسے جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔محکمہ موسمیات نے شہر میں آج اور کل وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ کراچی میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ، کراچی کے علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، شارع فیصل،گارڈن اور ملیر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں دن کے اوقات میں مطلع جزوی ابرآلود اور رات میں ابرآلود رہےگا، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے ۔