توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کیخلاف درخواست پھر سماعت کیلئے مقرر
07-16-2023
(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق 17 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کریں گے، گزشتہ ہفتے چیف جسٹس کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہو سکی تھی، چیئرمین تحریک انصاف نے 8 جولائی کا سیشن کورٹ کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ ٹرائل کورٹ نے بھی کیس 17 جولائی کو سماعت کیلئے مقرر کر رکھا ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کیس کے ٹرائل پر حکم امتناعی دینے کی استدعا کر رکھی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی چھ مقدمات دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہے۔ مزید برآں بشریٰ بی بی کا ایک کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی درخواست بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہے، درخواستوں پر سماعت جسٹس عامر فاروق پیر کو کریں گے۔