ہوم لیس فٹبال ورلڈ کپ پاکستان کی ٹیم نے جیت لیا

07-16-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا میں ہونے والے ’ہوم لیس‘ ورلڈ کپ فٹبال کا فائنل جیت لیا۔

فائنل میں پاکستانی ٹیم نے جرمنی کو 0-4 کی شکست دی۔ امریکا کے شہر سیکری منٹو کیلی فورنیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں دنیا کی 28 ٹیموں نے شرکت کی۔ فزیکل ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اینڈ پیس فائونڈیشن (پی ای ڈی پی ایف) کے زیراہتمام ایونٹ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم کو ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے بعد کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کی۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے یونان کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 2-9 سے کامیابی حاصل کی اور فائنل میں جرمنی کو 2-4 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ قومی ٹیم نعمان، مزیم، اسامہ، محمد حسین، آغا مہدی، عتیق، احمد انوار اور حمزہ پر مشتمل تھی جبکہ آفیشلز میں احمد نواز شامل تھے۔ احمد نواز نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلےہونے والے ورلڈ کپ میں بھی ہماری ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھااور ایک بار پھر اللہ عزت دی ہے۔ ہمارا مقصد بے گھر بچوں کو کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بے گھر کھلاڑیوں نے امریکا میں بھی قومی پرچم لہرایا ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی اس کامیابی سے دنیا کو پیغام دیا ہے پاکستانی کھلاڑی اپنی پوری محنت اور لگن سے دنیا کے کسی بھی ایونٹ میں فتح حاصل کرسکتے ہیں۔