بجلی مہنگی ہونے کے باوجود غائب، ملک بھر میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ

07-15-2023

(لاہور نیوز) بجلی مہنگی ہونے کے باوجود بھی غائب ہے، ملک بھر میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق گرمی کی شدت بڑھنے سے ملک بھر میں شارٹ فال 6 ہزار 524 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، بجلی کی طلب 26 ہزار میگاواٹ جبکہ مجموعی پیداوار 19 ہزار 476 میگاواٹ ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار 803 میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 615 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7572 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1290 میگاواٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق سولر بجلی گھروں کی پیداوار 117 میگاواٹ ہے، بگاس سے 82 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 2 ہزار997 میگاواٹ ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، کچھ علاقوں میں فالٹ کی وجہ سے غیر اعلانیہ بجلی کی بندش ہے۔