نیپرا کی بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

07-15-2023

(لاہور نیوز) ملک بھر کے صارفین کو بجلی کا بڑا جھٹکا لگ گیا۔ نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔

ملک بھر کے صارفین پر بجلی کا میگا بم گرا دیا گیا۔ رواں مالی سال کیلئے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے کا بڑا اضافہ کیا گیا۔ فی یونٹ بجلی 29 روپے 78 پیسے پر جا پہنچی۔ اوسط فی یونٹ قیمت 50 روپے سے تجاوز کر جائے گی۔ اطلاق کس ماہ سے ہو گا حتمی منظوری حکومت دے گی۔ نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق روپیہ کی قدر گرنے، بجلی کی فروخت میں کمی اور کپیسٹی پے منٹ بنیادی ٹیرف بڑھنے کی وجوہات ہیں۔ ٹیرف بڑھنے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ریونیو کا تخمینہ 3281 ارب روپے متوقع ہے۔ کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بنیادی ٹیرف کے علاوہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی ایک روپے 44 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح کراچی کے صارفین کیلئے ایک ہی دن بجلی 6 روپے 40 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔ گزشتہ مالی سال بجلی کا بنیادی ٹیرف 16 روپے 91 پیسے سے بڑھا کر 24 روپے 82 پیسے کیا گیا تھا۔