ایل پی جی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ، اوگرا حرکت میں آگیا
07-14-2023
(ویب ڈیسک) اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کر دی۔
ترجمان اوگرا کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر قانونی اور غیر معمولی اضافے کا اوگرا نے نوٹس لے لیا ہے اور اس حوالے سے تمام ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایل پی جی کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے ضروری ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ترجمان کے مطابق تمام مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹربیوٹرز کو سلنڈرز کی فراہمی اور ایل پی جی کی قیمتوں کی تفصیلات واضح طور پر ترسیل کے وقت درج کی جائیں اور تمام آوٹ لیٹس پر بھی قیمتوں کا اندراج یقینی بنایا جائے۔ ترجمان عمران غزنوی کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے جبکہ اوگرا کی فیلڈ ٹیموں نے ملک کے مختلف حصوں میں معائنہ کا عمل شروع کر دیا ہے۔