پنجاب کے 7 بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولتیں بہتر بنانے کیلئے 5 ارب منظور
07-14-2023
(لاہور نیوز) پنجاب کے 7 بڑے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنانے کے پروگرام کے تحت 5 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 20 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر سہولتوں کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔پروگرام کے تحت میو ہسپتال، جناح ہسپتال، جنرل ہسپتال، ڈینٹل ہسپتال، چلڈرن ہسپتال لاہور، نشتر ہسپتال ملتان اورالائیڈ ہسپتال فیصل آباد کی بحالی، تعمیر و مرمت اور ری سٹرکچرنگ ہو گی، کابینہ نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی۔ بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کو بھی بہتر بنانے کیلئے بھی کابینہ نے احسن اقدام اٹھایا ہے، پہلے مرحلے میں چلڈرن ہسپتال لاہور اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان میں ایمرجنسیز میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین پی کے ایل آئی میں بھی علاج کرا سکیں گے، کابینہ نے تمام سرکاری ملازمین کے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں علاج معالجے کیلئے ریوالونگ فنڈ کی منظوری دے دی۔کابینہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال قصور کا نا م تبدیل کر کے بابا بلھے شاہؒ ہسپتال قصور رکھ دیا جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال فیصل آ باد کا نام تبدیل کر کے نصرت فتح علی خان ہسپتال فیصل آباد رکھنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں گورنمنٹ سینٹرل ماڈل سکول لوئر مال کی اپ گریڈیشن کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری، واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کا کام متعلقہ لوکل گورنمنٹس سے واپس لے کر پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کا کام پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی، کابینہ نے پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔