ورلڈکپ میں ہماری ٹیم بہترین ہے، کوئی وجہ نہیں فائنل تک نہ پہنچیں : شاہد آفریدی

07-14-2023

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کے پاس بہترین ٹیم ہے، کوئی وجہ نہیں کہ قومی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔

مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ورلڈکپ میں میری ٹاپ فور ٹیمیں پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا ہیں، مجھے لگتا ہے کہ قومی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کی ضرورت نہیں، ہماری بولنگ، بیٹنگ اور سپن ڈیپارٹمنٹ اچھا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ شاہد آفریدی نے ورلڈکپ کیلئے سب سے بہترین کپتان کے سوال پر کہا کہ تمام ٹیموں کے کپتانوں میں تقریباً ایک جیسے سکلز ہوتے ہیں لیکن میں بابراعظم کو بیک کروں گا۔ سابق آل راؤنڈ نے رمیز راجا کو کمنٹری میں کم بیک کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انکے مداح انہیں کمنٹری کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی قیادت میں قومی ٹیم نے 2011 کے ورلڈکپ میں بھارت کا دورہ کیا تھا تاہم سیمی فائنل میں روایتی حریف کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔