صنعتی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 9 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ

07-14-2023

(ویب ڈیسک) ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مالی سال 23-2022 کے پہلے 11 مہینوں میں 9 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

صنعتی شعبے کی کارکردگی سے متعلق جاری رپورٹ کے مطابق جولائی تا مئی لارج سکیل مینوفیکچرنگ کی پیداوار میں 9.87 فیصد کمی ہوگئی جبکہ مئی 2021 کی نسبت مئی 2023 کے دوران پیداوار 14.37 فیصد تک گرگئی۔ جولائی تا مئی ٹیکسٹائل سیکٹر کی پیداوار میں 18.58 فیصد ، گاڑیوں کی پیداوارمیں 47.70 فیصد جبکہ مشینری اور دیگر سامان کی پیداوار 46 فیصد گرگئی۔ ملک میں لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 62 فیصد، تمباکو 27 فیصد، ادویہ سازی کی پیداوار میں 26.15 فیصد کم رہی جبکہ سیمنٹ کی پیداوار 12.36 فیصد، کھاد کی پیداوار 9.24 فیصد کم ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا مئی تیار ملبوسات کی پیداوار میں 25.56 فیصد اضافہ ہوا، فرنیچر کی پیداوار 32.58 فیصد، فٹبال کی پیداوار میں 31.33 فیصد جبکہ چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 1.92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔