سیشن کورٹ میں دوہرے قتل کا معاملہ، 5 نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

07-14-2023

(لاہور نیوز) پولیس نے سیشن کورٹ اسلام پورہ میں میاں بیوی کے قتل کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے مقتولین کی بیٹی کی مدعیت میں پانچ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، مقدمہ میں لڑکی نے اپنے چچا، دو رشتہ داروں جمشید اور سیف کے علاوہ دو شوٹرز امیر اور اعظم کو نامزد کیا ہے، ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین چوہنگ میں 2022 میں ہونیوالے قتل کے کیس میں پیشی کے لیے آئے ہوئے تھے، پیشی سے واپس سیڑھیاں اترتے ہوئے دو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے خاتون صغراں بی بی اور شوہر امین کو قتل کردیا۔ پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ واقعہ میں ملوث دو ملزمان کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا جبکہ باقی تین ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جلد دیگر ملزمان بھی قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ یاد رہے گزشتہ روز اسلام پورہ سیشن کورٹ میں پیشی پر آئے میاں بیوی کو مخالفین نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔