محسن نقوی کا بی بی پاکدامن توسیعی منصوبہ محرم سے قبل مکمل کرنے کا حکم

07-14-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے کو محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کادورہ کیا اور دربار کی تزئین و آرائش اور توسیع پر پیش رفت کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کو کشادہ کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں کامعائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پرکام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5 روز کے اندر کام کو مکمل کرنے کا ٹاسک دیدیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ مزار بی بی پاکدامن کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبہ یکم محرم سے قبل مکمل ہوجائے گا، مزار کی توسیع سے زائرین کیلئے اضافی سہولتیں میسر ہوں گی، مزار پر آنے والا راستہ کشادہ ہونے سے بھی زائرین کو آسانی ہوگی، اراضی مالکان کو پورا معاوضہ دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کمشنر لاہورڈویژن کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگیوں کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے مزار پر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔ دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  پوری کوشش ہے کہ بی بی پاکدامن کے مزار کو یکم محرم تک زائرین کیلئے کھول دیا جائے، مزار کی تزئین و آرائش اورتوسیعی منصوبے پر دن ر ات کام ہورہا ہے200 سے زائد ورکرز کام کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبائی وزراء اورکمشنر لاہورڈویژن نے گنڈا سنگھ والا کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی، دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں کمی ہوئی ہے اوردریا کے بیڈ میں 21 دیہات متاثر ہوئے ہیں، ان دیہات میں لوگوں کا انخلاء کیا گیا ہے اورامدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔