پی ایس ایل 8 : ترانے اور افتتاحی تقریب پر کروڑوں کے ہوشربا اخراجات

07-14-2023

(ویب ڈیسک) پی ایس ایل8 کا ترانہ ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد میں بنا، حکومت کی جانب سے سابقہ مینجمنٹ کمیٹی کے دور کا آڈٹ آئندہ ماہ کے اوائل میں شروع ہوگا۔

پی ایس ایل 8 کا انعقاد رواں برس فروری، مارچ میں ہوا تھا،ایونٹ کیلئے پی سی بی نے ’’سب ستارے ہمارے‘‘ کے عنوان سے اینتھم (ترانہ) تیار کرایا۔ ذرائع کے مطابق اس پر ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی، تقریبا ڈھائی کروڑ روپے تو فنکاروں کی فیس ہی تھی،پاکستان میں ایک عام فلم بھی 5 کروڑ روپے میں بن جاتی ہے، اس لحاظ سے صرف اینتھم پر اتنی خطیر رقم خرچ ہونے پر آڈٹ میں اعتراضات سامنے آ سکتے ہیں۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب پر تقریبا 25 کروڑ روپے لگے،بجٹ میں اس سے کم رقم رکھی گئی تھی، رمیز راجہ کے دور میں پی ایس ایل 7 کا آغاز کرتے ہوئے 4 سے 5 کروڑ روپے لگائے گئے تھے، البتہ نئی مینجمنٹ کا خیال تھا کہ مقابلوں کی ہائپ بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر تقریب سجانا ضروری ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کئی اخراجات بجٹ سے بڑھ کر ہوئے، کئی امور میں کاغذات پر الگ رقم موجود جبکہ اخراجات اس سے زیادہ ہوئے،انہیں دیگر مد سے کور کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے سابقہ مینجمنٹ کمیٹی کے دور کا سپیشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس کا آغاز آئندہ ماہ کے اوائل میں ہوگا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری کا کہنا ہے کہ آڈٹ میں اگر کوئی بے ضابطگی پائی گئی تو ملوث آفیشل سے رقم وصول کی جائے گی، اس حوالے سے کسی قصوروار کو نہیں بخشیں گے۔