ڈالر کی قیمت اور شرح سود میں اضافے کے اثرات، گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی

07-14-2023

(لاہور نیوز) ڈالر کی قیمت اور شرح سود میں اضافے کے باعث کاروں، بسوں اورٹرکوں سمیت مختلف گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں کمی آگئی، پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال میں گاڑیوں کی فروخت میں 55 فیصد  تک کمی آئی ہے، سب سے زیادہ پسنجر کاروں کی فروخت متاثر ہوئی ہے، پک اپس، یوٹیلیٹی وینز اور  جیپوں  کی فروخت میں  29 فیصد کمی آئی،  عام آدمی کی سواری  موٹر سائیکل   کی فروخت 35 فیصد کم ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران ٹریکٹرز اور ٹرکوں کی فروخت  میں 46فیصد کمی دیکھی گئی، اسی طرح  بسوں  کی  فروخت میں 6 فیصد تک  کمی آئی۔ پاکستان آٹو مو بائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق خام مال کی قلت، پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ اور درآمدات میں مشکلات کے باعث  آٹو موبائل انڈسٹری شدید متاثر ہو رہی ہے، ڈالر کی قدر میں اضا فہ اور بینکوں  کے شرح سود میں اضافے تمام مسائل کی وجہ بنے ۔