ہیرو کی زندگی گزار رہا تھا، بیماری سے سڑک پر آگیا ہوں: گلوکار اسد عباس

07-14-2023

(ویب ڈیسک) گردوں کے عارضہ میں مبتلا نامور گلوکار اسد عباس نے ایک بار پھر حکومت اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک ہیرو کی طرح زندگی گزار رہا تھا سب کچھ میرے پاس تھا لیکن بیماری کی وجہ سے علاج کیلئے سب کچھ بیچ کر سڑک پر آگیا ہوں۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ 2006 میں پاکستان سنگیت آئیکون کے نام سے پاکستان کا پہلا رئیلیٹی شو ہوا تھا جس کا پہلا انعام ایک کروڑ روپے اور ایک مرسڈیز شامل تھی اوریہ شو میں نے جیتا تھا۔ اس کے علاوہ دنیا بھر میں شوز کیے وہاں بھی خوب پیسہ کمایا اور اللہ تعالیٰ نے مجھے زندگی کی تمام خوشیاں عطا کی تھیں۔ اسد عباس نے بتایا کہ گزشتہ سات سال سے گردوں کی بیماری میں مبتلا ہوں اور دونوں گردے مکمل طور پر ناکارہ ہوچکے ہیں، ڈاکٹرز نے پہلے بھی گردوں کی پیوند کاری کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ گردے فیل ہونے کی وجہ سے ہفتے میں تین سے چار دن ڈائیلاسز کروانے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت،سندھ حکومت اور مخیر حضرات سے علاج کیلئے مدد فراہم کرنے کی اپیل ہے۔