بارشی پانی کو سڑک پر جمع ہونے سے بچانے کے لیے گرین بیلٹس کو گہرا کیا جائے گا
07-14-2023
(لاہور نیوز) بارشی پانی کو سڑک پر جمع ہونے سے بچانے کے لیے گرین بیلٹس کو گہرا کیا جائے گا، کمشنر لاہور نے ٹیپا اور واسا کو گرین بیلٹس گہری کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
سروے کے مطابق شہر میں 58 مقامات پر گرین بیلٹس اونچی ہونے کی وجہ سے بارشی پانی جمع ہوتا ہے، پلان کے تحت علامہ اقبال ٹاؤن میں سکیم موڑ، یتیم خانہ، بجلی گھر، ملتان چونگی، کریم بلاک، رضا بلاک کی گرین بیلٹس کو سڑک سے نیچا کیا جائے گا۔ جوبلی ٹاؤن میں نظریہ پاکستان، ایوب چوک، شوکت خانم فلائی اوور، اللہ ہو چوک، بھلہ چوک کی گرین بیلٹس گہری کی جائیں گی، نشتر ٹاؤن میں پیکو موڑ، لاہور برج ،فیروز پور روڈ گجومتہ ،مولانا شوکت علی روڈ، ہمدرد چوک کی گرین بیلٹس سڑک سے نیچی کی جائیں گی۔ اسی طرح دیگر گرین بیلٹس کو گہرا کرنے کے لیے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے واسا اور ٹیپا کو ٹاسک سونپ دیے ہیں، واسا نے مون سون سے قبل گرین بیلٹس کو گہرا کرنے کی استدعا بھی کی تھی۔