قرض لے کر حکومت ایسے خوش ہے جیسے سری نگر میں جھنڈا لگا لیا ہو، سراج الحق
07-13-2023
(لاہور نیوز) امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے قرض لے کر حکومت ایسے خوش ہے جیسے سری نگر میں جھنڈا لگا لیا ہو۔
جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام قرطبہ چوک میں سودی معیشت اور آئی ایم ایف پر انحصار کے حوالے سے سیمینار ہوا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی بطور مہمان خصوصی شرکت ہوئی۔ نائب امیر سندھ اسد اللہ بھٹو، مجیب الرحمان شامی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر اور فرید احمد پراچہ سمیت مختلف مکتبہ فکر کی شخصیات نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ 1931 میں علامہ اقبال نے فرمایا تھا کہ بینکوں کا نظام یہودیوں کی سازش ہے۔ دنیا اس لعنت سے چھٹکارا پا رہی ہے اور ہم اسے اپنا رہے ہیں۔ سودی نظام کے خاتمے سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں 22 فیصد شرح سود ہو چکی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا نظام ہی ترقی کا نظام ہے جسے اپنانا چاہیے۔ سودی نظام کے خلاف مشاورتی سیمینار میں شرکا نے حکومت سے سودی نظام سے چھٹکارے کا مطالبہ کیا۔