پی ایل آر اے بورڈ نے مالی سال 2023-24 کیلئے سالانہ بجٹ کی منظوری دے دی

07-13-2023

(لاہور نیوز) پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی بورڈ کا بائیسواں اجلاس سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک جبکہ بورڈ ممبران ڈاکٹر محمد طاہر، چیئرمین الیکٹریکل انجینرنگ ڈیپارٹمنٹ، یو ای ٹی، محمد یثرب ہنجرا، ریٹائرڈ پی سی ایس آفیسر، ڈائریکٹر جنرل و ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر ایچ آر، ڈائریکٹر آپریشنز اور ڈائریکٹر آئی ٹی نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سائرہ عمر نے آٹھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔ پی ایل آر اے بورڈ نے مالی سال 2023-24 کے لیے 7.5 ارب روپے سالانہ بجٹ کی منظوری دے دی۔ پلرا سروس ریگولیشنز کے مطابق سٹاف کی تنخواہوں میں 10% اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ آئی ٹی ونگ کی تنظیم نو کی تجویز کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ سروس سنٹر انچارجز کی مالیاتی اختیارات میں اضافے کی تجویز کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ پی ایل آر اے بورڈ نے لوکل گورنمنٹ ٹیکس کی اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ذریعے وصولی کے طریقے کار کی بھی منظوری دے دی۔ 2018 سے 2021 تک تین مالی سال کی آڈٹ اور فنانشل سٹیٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی گئی۔