وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شہر کے تاریخی دروازوں سے تجاوزات ہٹانے کا حکم

07-13-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور کے تاریخی دروازوں سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دے دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور کے 12 تاریخی دروازوں کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں مقبرہ نور جہاں اورمقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پرپارک بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے لاہوروالڈ سٹی اتھارٹی کوتاریخی دروازوں کی بحالی کیلئے ٹائم لائن دے دی، لاہوروالڈ سٹی اتھارٹی کے ماہرین ریسرچ کے بعد ڈیزائننگ اور پراجیکٹ تیار کریں گے، ٹیکسالی،لوہاری،شاہ عالم،موچی،اکبری،دہلی،یکی گیٹ،روشنائی،شیراں والا،مستی گیٹ اوردیگردروازوں کومرحلہ وار پروگرام کے تحت اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے تاریخی دروازوں کے اردگرد تجاوزات ختم کرنے  اور تاریخی عمارتوں پر وال چاکنگ اور بینرز فوراً ہٹانے کا بھی حکم دیا، محسن نقوی نے شاہی قلعہ کے بالمقابل مریم زمانی بیگم مسجد کی بحالی اور تجاوزات ختم کرنے کی  بھی ہدایت کر دی۔ تاریخی مقامات کے پاس بجلی کے تار زیر زمین کرنے کیلئے لیسکو سے رجوع کیا جائے گا۔