بابراعظم رواں سال اپنی سالگرہ پاک بھارت ٹاکرے کے دن منائیں گے
07-13-2023
(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) رینکنگز میں تینوں فارمیٹ میں ٹاپ تھری پلیئر بننے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی رواں سال کی سالگرہ یادگار ہوگی۔
کرکٹ کی دنیا پر راج کرنے والے بابراعظم کے مداح انہیں جلد بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں ٹورنامنٹ ٹرافی اٹھاتے ہوئے دیکھنے کیلئے پُرامید ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی بابراعظم کے چاہنے والے انہیں اپنی زندگی کا ایک اور خوبصورت لمحہ مناتے ہوئے دیکھیں گے۔ کپتان بابراعظم ہر سال کی طرح اس سال بھی 15 اکتوبر کو اپنی سالگرہ منائیں گے لیکن انکی یہ سالگرہ بھارتی شہر احمد آباد میں منائی جائے گی۔ رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں 15 اکتوبر کو پاکستانی ٹیم بھارت سے ٹکرائے گی۔ قومی کرکٹر بابراعظم اس سال اپنی زندگی کی یادگار ترین سالگرہ منائیں گے۔ بابراعظم اپنی سالگرہ والے دن پاک بھارت ٹاکرا جیت کر ون ڈے ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلوں میں نہ جیتنے کا 31 سالہ ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول میں 15 اکتوبر کو احمد آباد میں بھارت کے سب سے بڑے ‘نریندرا مودی سٹیڈیم’ میں پاک بھارت ٹاکرا ہو گا۔