پاکستان گاڑیوں کے پرزے دوسرے ممالک کو برآمد کرے گا

07-13-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان میں ٹویوٹا برانڈ کی گاڑیاں تیار کرنے والی انڈس موٹر کمپنی نے ٹویوٹا مصر کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت کمپنی مصر کو برآمدات کرے گی۔

انڈس موٹرز کے چیف ایگزیکٹو علی اصغر جمالی نے کہا ہے کہ ہم اس ماہ اپنی پہلی کھیپ بھیج چکے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ایک اہم پیشرفت ہے لیکن اسے مشکلات سے نبردآزما صنعت کیلئے ایک اہم سنگ میل سمجھنا جلد بازی ہوگی۔ انڈس موٹر کے مطابق کمپنی سیمی پروسسٹڈ خام مال مصر کو برآمد کر رہی ہے،علی اصغر جمالی نے کہا اس وقت یہ ایک چھوٹا قدم ہے، فی الحال ہمارے پاس ملک میں خام مال کی کمی ہے جو ہمیں بڑی مقدار میں برآمدات سے روکے گی لیکن میں پر امید ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی پروڈکشن کا صرف ایک مخصوص حصہ مصر کو برآمد کرے گی، اگر ان کا اعتماد پیدا ہوتا ہے تو ہم سے مزید پرزے برآمد کرنے کیلئے کہا جا سکتا ہے۔ اگر ہم ایک پارٹ کو کئی منڈیوں میں برآمد کرنے کا انتظام کر لیتے ہیں تو اس سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہو گا،ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے دوسرے مینوفیکچررز کو بھی اعتماد ملے گا اور وہ بھی برآمدات کے راستے تلاش کریں گے۔