مزارات پر ’’نذرانہ آن لائن ‘‘ وصولی کیلئے ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز

07-13-2023

(ویب ڈیسک) محکمہ اوقاف پنجاب نے مزارات پر ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز کردیا، ”نذرانہ آن لائن ” کے ذریعے ملکی و غیر ملکی عقیدت مند مزارات پر آن لائن چندہ جمع کراسکیں گے۔

سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام سے نذرانوں کی کلیکشن زیادہ شفاف ہوگی، آن لائن ڈونیشن کے ذریعے اندرون وبیرون ملک سے ملنے والی رقم مزارات کی تعمیر و ترقی اور زائرین کی فلاح و بہود پر خرچ ہوگی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران کے ساتھ مزارات پر آن لائن نذرانوں کے حوالے سے ایوان اوقاف میں منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ مزارات کی سکیورٹی اور وقف پراپرٹیز کی سرویلنس، مانیٹرنگ اور نگرانی کے لیے موثر حکمت عملی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا مزاراتِ مقدسہ روحانی آسودگی کا ذریعہ اور علمی و دینی تحقیق و جستجو کا وسیلہ ہیں، ان کی علمی و دینی حیثیت کو معتبر رکھنا محکمہ کی ذمہ داری ہے، موجودہ حکومت اسلامی اقدار کی بقا اور احیاء پر یقین رکھتی ہے جس کیلئے جملہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اجلاس میں پنجاب انفارمشین ٹیکنالوجی بورڈ پنجاب کی طرف سے آن لائن ڈونیشن پورٹل پر سیکرٹری اوقاف کو بریفنگ دی گئی۔