پاکستان کے مزید دو نوجوان کرکٹرز سی پی ایل کا حصہ بن گئے

07-13-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو نوجوان کرکٹرز صائم ایوب اور محمد حارث اس سال کیریبئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کیلئے ایکشن میں ہوں گے، دونوں پلیئرز کو گیانا ایمازون واریئرز نے سائن کرلیا ہے۔

اس سال سی پی ایل کا ایڈیشن 16 اگست سے 24 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں مزید 2 پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کنفرم کردی گئی ہے۔ نوجوان ٹاپ آرڈر بیٹر صائم ایوب اور محمد حارث کو گیانا ایمازون واریئرز کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد حارث کو افغانستان کے رحمٰن اللہ گرباز کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا ہے، رحمٰن اللہ گرباز نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے ٹیم کو چند میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ صائم ایوب اگر ون ڈے ٹیم میں منتخب نہ ہوئے تو وہ مکمل سی پی ایل کھیلیں گے ۔ صائم ایوب پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں بھی وہ رنگپور رائیڈرز کی طرف سے دو میچز کھیل چکے ہیں۔ محمد حارث بھی پشاور زلمی سے کھیلے ہیں، بی پی ایل میں وہ سلہٹ کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ اس سال لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کیلئے انہیں کینڈی کے سکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے۔ کیریبئن پریمیئر لیگ میں دونوں پلیئرز وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کو جوائن کریں گے جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم سی پی ایل میں جمیکا تلاواز کی جانب سے کھیلیں گے۔