10برس میں پہلی بار سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات میں کمی،تفصیلات جاری
07-13-2023
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے مقدمات کا ڈیٹا جاری کر دیا، جس کے مطابق 10 برس میں پہلی بار زیر التوا مقدمات میں کمی ہوئی، عدالت عظمیٰ کی جانب سے 2 فروری 2022ء سے یکم فروری 2023ء تک کا ڈیٹا جاری کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں مجموعی طور پر 22843 مقدمات نمٹائے گئے، گزشتہ ایک سال میں 20707 مقدمات سپریم کورٹ میں رجسٹرڈ ہوئے، 2 فروری 2022 کو زیر التواء مقدمات کی تعداد 54706 تھی جبکہ یکم فروری 2023 کو مقدمات کی تعداد 52590 تک لائی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق مجموعی طور سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں 2116 مقدمات کی کمی ہوئی، 2013ء کے بعد ہر سال سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا،دسمبر 2022ء میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں 1722 مقدمات کی کمی ہوئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے بنچ کے سربراہ کے طور پر 243 دنوں میں 8796 مقدمات نمٹائے۔ اعلامیہ کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن نے 247 دنوں میں 4664 مقدمات نمٹائے، جسٹس سردار طارق مسعود نے 158 دنوں میں 3126، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 188 دنوں میں 1323 مقدمات نمٹائے۔