نگران پنجاب حکومت کا میٹرو اورنج لائن ٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا حکم

07-12-2023

(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت نے میٹرو اورنج لائن ٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

شہر لاہور میں ٹرانسپورٹ کے سب سے بڑے اور مہنگے ترین پراجیکٹ میٹرو اورنج لائن ٹرین منصوبے کو آپریشنل رکھنا حکومت کے لیے درد سر بن گیا۔ میٹرو اورنج لائن ٹرین پنجاب حکومت کے خزانے کے لیے سفید ہاتھی بن گئی۔ گزشتہ مالی سال میں اربوں روپے کی سبسڈی اورنج ٹرین ہضم کر گئی۔ وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایت پر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بچت پالیسی تیار کر لی۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے میٹرو اورنج لائن ٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے سولر پر منتقل کرنے کے لیے ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی۔ اورنج ٹرین کے ڈپو، سٹمبلنگ یارڈ اور سٹیشنز پر سولر پینل لگائے جائیں گے۔ سولر انرجی کے لیے سٹمبلنگ یارڈ اور اورنج ٹرین ڈپو پر گرڈ سٹیشن بنائے جائیں گے۔ اورنج ٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے سالانہ ایک ارب 90 کروڑ روپے بجلی کے بلوں کی مد میں بچت ہو گی۔ اورنج ٹرین کی سالانہ سبسڈی میں دو ارب روپے کی کمی ہو گی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اورنج ٹرین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لیے پنجاب کابینہ سے منظوری لے گی۔ سولر سسٹم لگانے کے لئے عالمی فرموں سے بھی ٹینڈر مانگے جائیں گے۔ سولر منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کرنے بھی تجویز دی گئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دس سال میں کمپنی کو تخمینہ لاگت واپس کی جائے گی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ورکنگ پیپر پنجاب کابینہ کو ارسال کر دیا۔