پاکستان تحریک انصاف نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی
07-12-2023
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
پی ٹی آئی کی طرف سے پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر کارروائی کی گئی۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس جاری کر کے اراکین کو پارٹی چھوڑنے پر اکسانے کے الزام میں وضاحت طلب کی تھی، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں پرویز خٹک سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ نوٹس کے 7 دن کے اندر پارٹی مخالف اقدام پر اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں۔ نوٹس کا پس منظر واضح رہے کہ پرویز خٹک پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، وہ پہلے ہی پارٹی کی صوبائی نشست چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ پرویز خٹک کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پارٹی قیادت کے نوٹس میں آیا ہے کہ آپ پارٹی ممبران سے رابطہ کر رہے ہیں اور انہیں پارٹی چھوڑنے پر اکسا رہے ہیں، ان رپورٹ شدہ سرگرمیوں کے پیش نظر، آپ کو اس نوٹس کے 7 دنوں کے اندر تحریری طور پر وضاحت کرنے کے لیے بلایا جاتا ہے۔ شوکاز نوٹس میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ اگر ان کا جواب غیر تسلی بخش پایا گیا یا انہوں نے جواب نہیں دیا تو پارٹی پالیسی اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔ تحریک انصاف اس وقت تحریک انصاف کے بڑے بڑے رہنما یکے بعد دیگرے پارٹی چھوڑ چکے ہیں جن میں فواد چودھری، علی زیدی، محمود باقی مولوی، عمران اسماعیل، فردوس عاشق اعوان، عامر محمود کیانی، سردار تنویر الیاس شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے بہت سے سابق ارکان نے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی قیادت میں نو تشکیل شدہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔