چینی کی فی کلو قیمت مزید 4 روپے تک بڑھ گئی
07-12-2023
(ویب ڈیسک) لاہور میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، تھوک میں چینی کی فی کلو قیمت مزید 4 روپے تک بڑھ گئی۔
تھوک سطح پر چینی کے 50 کلو والے تھیلے کی قیمت200روپے اضافے سے 6750روپے تک پہنچ گئی ہے۔ فی کلو قیمت 4روپے اضافے سے ہول سیل قیمت 135روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر پرچون سطح پر چینی 140 سے 145روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب فیصل آباد میں چینی کی ایکس مل ریٹ میں فی کلو 15 روپے اضافہ کردیا گیا۔ فیصل آباد میں چینی کی ایکس مل ریٹ بھی فی کلو 15 روپے اضافے کے بعد 130 روپے تک پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی چینی 145 روپے تک پہنچ گئی۔ ملک کے مختلف علاقوں میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، واضح رہے کہ دس جولائی کو پنجاب میں چینی کے فی کلو قیمت 96 سے 135 روپے رہی، سندھ میں 92 روپے سے 125 روپے تک فروخت ہوتی رہی، خیبرپختونخوا میں 110 روپے سے 128 روپے جبکہ بلوچستان میں فی کلو چینی 110روپے سے 125 روپے تک فروخت ہوتی رہی۔