توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی آخری بار درخواست منظور

07-12-2023

(ویب ڈیسک) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آج آخری مرتبہ منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت شکایت کنندہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک، الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نیاز اللّٰہ نیازی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نیاز اللّٰہ نیازی نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ ملزم کدھر ہے؟ وکیل نیاز اللّٰہ نیازی نے جواب دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی پہلے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دیں گے، وکیل سعد حسن نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کے دونوں گواہان عدالت میں شہادت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے کہا کہ آپ کریمنل وکیل ہیں، 7 ماہ سے کیس التواء کا شکار ہے، کبھی ایسا دیکھا ہے کہ 7 ماہ سے کیس چل رہا ہو اور ملزم صرف ایک بار عدالت میں آیا ہو؟ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی۔ جج ہمایوں دلاور نے اپنے حکم میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی بنیاد پر حاضری سے استثنیٰ منظور کر رہا ہوں، ساڑھے 11 بجے تک اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ جمع کرائیں، آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آخری بار منظور کر رہا ہوں، کل سے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے ساڑھے 11 بجے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔ ان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں 8 جولائی کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت قرار دیا تھا۔