بھارتی ٹیم پاکستان میں کھیلے گی اور نہ جے شاہ وہاں جائینگے: چیئرمین آئی پی ایل

07-12-2023

(ویب ڈیسک) چیئرمین آئی پی ایل ارون دھومال نے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان میں کھیلے گی اور نہ ہی جے شاہ وہاں جائیں گے۔

جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف اور سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کی ملاقات میں ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ، شیڈول کا باضابطہ اعلان جلد کردیا جائے گا ۔ بھارتی بورڈ کےخزانچی  اور آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومال بھی آئی سی سی میٹنگز کے لیے جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں موجود ہیں ، جہاں ذکاء اشرف اور جے شاہ کے درمیان آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر ارون دھومال نے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی، جبکہ ذکاء اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں صرف ایشیا کپ کے شیڈول کو  فائنل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے مرحلے کے چار میچز ہی پاکستان میں کھیلے جائیں گے،پاک بھارت میچ سمیت باقی 9 میچز سری لنکا میں ہی ہوں گے، پاک بھارت ٹیمیں اگر فائنل میں پہنچتی ہیں تو یہ بھی سری لنکا میں ہو گا۔ ارون دھومال نے جے شاہ کے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرنے کی خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ ذکاء اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں صرف ایشیا کپ کے شیڈول پر بات ہوئی ہے، بھارتی ٹیم یا بھارتی بورڈ سیکرٹری کے پاکستان جانے کے معاملے پر بات نہیں ہوئی، پاکستان ایشیا کپ میں صرف نیپال کے خلاف میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گا، جبکہ باقی تین میچز بنگلا دیش سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوں گے۔ اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں سربراہان جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے۔ ذرائع نے بتایاکہ ذکاء اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا جبکہ جے شاہ نے ذکاء اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی۔