9 مئی واقعات : خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی حراست غیر قانونی قرار دینے کی درخواستیں خارج

07-12-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے واقعات میں خدیجہ شاہ سمیت دیگر کی حراست غیر قانونی قرار دینے کے لیے دائر درخواستیں خارج کردیں۔

جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے خدیجہ شاہ، ہما سعید، رضوان ضیا اور زبیر ملک کی حراست کے خلاف درخواستیں خارج کیں ۔ بینچ نے درخواستوں پر26 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ  درخواست گزاروں کے خلاف مقدمہ ہوچکا ہے قانون اپنا راستہ بنا رہا ہے ، اس مرحلے پر درخواست گزاروں کی حراست کو غیر قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا ، قانونی طریقہ کار کو بائی پاس نہیں کیا جاسکتا ،پولیس نے اسی تناظر میں فوری مقدمہ درج کیا اور تفتیش شروع کر دی ، نو مئی واقعات میں جو بھی ملوث پایا گیا اسکی قانون کے مطابق شناخت کی گئی۔  فیصلے میں مزید کہا گیا کہ  9 مئی کے بد قسمت واقعات نے ایک چارج ہجوم کی عدم برداشت اور خطرناک جنونی کیفیت کو عیاں کیا ، 9مئی واقعات نے سول عدالتی نظام کو بھی چیلنج کیا ، اس واقعہ سے پہلے عوام نے جناح ہاؤس میں ایسی توڑ پھوڑ نہیں دیکھی تھی ، لوگوں کا غصہ سول اور فوجی قیادت پر تھا لیکن جو اس دن ہوا وہ ناقابل وضاحت تھا ، بہرحال ریاست نے اپنے آپ کو بچانا تھا، بلاشبہ ملزمان کے قانونی حقوق ہیں،جن کا عدالتیں تحفظ کرتی ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ درخواست گزاروں کے لیے اس وقت بہترین حکمت عملی نارمل طریقے سے قانون کے طریقہ کار پر چلنے کی ہے ، سارے طریقہ کار کو بائی پاس کرنے سے درخواست گزاروں کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا ۔