لاہور سمیت صوبہ بھر میں بچوں و خواتین سے زیادتی، اغوا کی وارداتوں میں اضافہ
07-12-2023
(لاہور نیوز) لاہور سمیت صوبے بھر میں گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کے پہلے 120 دنوں میں بچوں وخواتین سے زیادتی، اغوا اور غیرت کے نام پر قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
نجی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق بچوں کے اغوا کی لاہورمیں 210 وارداتیں جبکہ صوبہ بھرمیں 613 واقعات رپورٹ ہوئے، صوبائی دارالحکومت میں 74 بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ صوبے بھر میں 858 مقدمات درج ہوئے، اوسطاً ہر روز تقریباً 7 بچوں سے جنسی زیادتی ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری سے اپریل 2023 تک پنجاب میں بچوں پر تشدد کے 1768 واقعات رپورٹ ہوئے، مختلف واقعات میں صوبہ بھرمیں 48 بچوں کوموت کے گھاٹ اتار دیا گیا، چائلڈ ٹریفکنگ کے 221 واقعات رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 کے پہلے چار ماہ کے دوران پنجاب میں خواتین کے خلاف تشدد کے دس ہزار سے زائد واقعات رونما ہوئے، خواتین کے اغوا کے لاہورمیں 1 ہزار 427 جبکہ پنجاب میں 5 ہزار 551 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اوسطاً ہر ایک گھنٹے میں 2 خواتین کو اغوا کیا گیا، لاہور میں 139 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ صوبے بھر میں 1 ہزار 111 خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات پیش آئے۔ غیرت کے نام پر 53 خواتین کو قتل جبکہ 219 خواتین پر شدید گھریلوتشدد کیا گیا علاوہ ازیں ویمن ٹریفکنگ کے613 واقعات رپورٹ ہوئے۔ تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوثر عباس کےمطابق تشدد کے مقدمات کے اندرا ج میں پنجاب پولیس کا کردارقابل تحسین ہے۔ درج کیسزکی بدولت ایسے واقعات کی رپورٹنگ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اعداد و شمار کو شائع کرنے کا مقصد خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے حد سے زیادہ واقعات کی طرف عوام کی توجہ مبذول کروانا ہے ۔