بھاٹی گیٹ : تین منزلہ مکان میں آگ لگ گئی، 10 افراد جاں بحق
07-12-2023
(ویب ڈیسک) اندرون لاہور بھاٹی گیٹ کے علاقے میں آتشزدگی نے قیامت ڈھا دی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد کی جان لے لی۔
لاہور میں بھاٹی گیٹ کے علاقے میں بلڈنگ میں آگ لگ گئی، واقعہ میں جھلس کر 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ظہیر الدین بابر نامی شہری کی اہلیہ، بچے، پوتے اور پوتیاں شامل ہیں۔ ریسکیو کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ نے بلڈنگ کی تینوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جاں بحق ہونے والوں نے خود کو ایک کمرے میں بند کرلیا تھا جنہیں بچایا نہ جا سکا۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھاٹی گیٹ میں گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اس المناک واقعہ پر دلی رنج ہوا ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔