محسن نقوی کا جوہر ٹاؤن ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ ، شکایات پر پورا عملہ تبدیل

07-11-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جوہر ٹاؤن میں ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا، شہریوں کی شکایات پر ون ونڈو سیل کا پورا عملہ تبدیل کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ون ونڈو سیل میں موجود شہریوں کے مسائل سنے، شہریوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے، بار بار چکر لگنے، کئی ماہ سے جمع کرائی درخواستوں پر کوئی پیش رفت نہ ہونے سمیت  رشوت کی شکایات کی گئیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو سیل کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ون ونڈو سیل کا پورا عملہ ہٹا دیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فوری طور پر نیا عملہ تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ  14 روز کے اندر ون ونڈو سیل کے امور کو بہتر بنایا جائے، رشوت کی شکایات پر فوری ایکشن ہو گا، کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔  محسن نقوی نے ون ونڈو سیل میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور شکایات کے ازالے کے بارے میں دریافت کیا۔ محسن نقوی نےایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے ہاؤسنگ کو شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہدایات دیں۔  محسن نقوی نے شہریوں کی زیر التواء درخواستوں کو مقرر کردہ مدت میں نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو سیل میں بھی شہریوں کے مسائل کو بہتر سے بہتر طریقہ سے حل کیا جائے، شہریوں کی درخواستوں کو ٹائم لائن کے اندر نمٹایا جائے۔  ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے ہاؤسنگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔