چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف اور جے شاہ کے درمیان آج ملاقات ہوگی

07-11-2023

(ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف اور اے سی سی کے صدر اور سیکرٹری بھارتی بورڈ جے شاہ کے درمیان آج ملاقات شیڈول ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذکاء اشرف اور جے شاہ کے درمیان ملاقات آئی سی سی میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر طے ہے، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو میٹنگز کا آج سے ڈربن میں آغاز ہو رہا ہے۔ ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے ایشوز کے بعد پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ عہدیداران پہلی مرتبہ آمنے سامنے آئیں گے، ملاقات میں پاکستان کی بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ ذکاء اشرف اور جے شاہ کی ملاقات میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز کی تعداد بڑھانے پربات ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایشیا کپ کے سری لنکا میں ہونے والے میچز کے وینیو پر بھی بات ہو گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی احسان مزاری نے پاکستان کے ورلڈ کپ کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی بات کی جب کہ پاکستان کو ورلڈکپ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت درکار ہے۔ معاملے کو دیکھنے کے لیے حکومت نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ کے میچز کے شیڈول کا تاحال اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔