بھارت نے دریائے راوی کے بعد ستلج میں پانی چھوڑ دیا، چناب میں بھی سیلاب کا خدشہ

07-11-2023

(ویب ڈیسک) بھارت نے دریائے راوی کے بعد ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 18 فٹ تک پہنچ گئی، پی ڈی ایم نے الرٹ جاری کر دیا ۔

ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 30 سے 36 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، 10 سے 12 گھنٹے تک ستلج میں 50 ہزار کیوسک سے زائد کا ریلا گزرے گا، دھوپ سڑی پتن کے مقام پر پانی فصلوں میں داخل ہوگیا جس سے تیار مکئی کی فصل بہہ گئی۔ ادھر چنیوٹ میں بھی دریائے چناب کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب آیا ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق دریائے چناب کے مقام سے ایک لاکھ 62 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، سیلابی پانی سے 10 سے زائد دیہات زیر آب آگئے، متاثرہ علاقوں میں موضع سانمبل، پیر کوٹ تاجے کا،ٹھٹہ رحموکا،ٹھٹھہ عمر کے سمیت متعدد دیہات شامل ہیں۔ سیلاب کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی مکئی، گنا اور چارے کی فصلیں زیر آب آ گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ مختلف علاقوں میں قائم کر دیئے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے الرٹ ہیں۔ دوسری جانب جھنگ کے مقام پر بھی دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، دریائے چناب کنارے آباد بستیوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ضلع جھنگ میں 18 مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے، دریائے چناب میں کشتی چلانے اور نہانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ تمام دریاؤں، ڈیمز اور نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دریاؤں اور نہروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، سیلاب کی صورتحال کنٹرول میں ہے، راوی میں خطرے کی صورتحال نہیں، اوورفلو کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔